حوزہ نیوز ایجنسی کے گروہِ ترجمہ کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی شیعہ اسمبلی کے نائب سرپرست شیخ علی الخطیب نے شام پر صیہونی حملوں اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی اور اسے دو ممالک کے خلاف دوہری جارحیت قرار دیا۔
انہوں نے کہا: یہ جارحیت اسرائیلی حکومت کی طرف سے سلسلہ وار جارحیت اور غیر قانونی اقدامات کے بعد کی گئی ہے اور ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غاصب صیہونیوں کے خلاف فوری اقدامات کرے اور صرف اس کی جارحیت پر مذمتی بیان اور ظالمانہ اقدامات کے ریکارڈز پر ہی اکتفا نہ کرے۔
شیخ الخطیب نے اس خطرناک جارحیت کو محاصرہ، اقتصادی پابندیاں اور شام اور لبنان کے عوام کو بھوکا رکھنے کی سیاست اور مذموم پالیسی قرار دیا اور دونوں ممالک (شام و لبنان) کے درمیان باہمی یکجہتی اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تاکید کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ انہوں نے شامی صدر، ملتِ شام اور شامی فوج اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔